اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔
تمام سیٹلائٹ چینلز کو احکامات جاری کرتے ہوئے پیمرا نے کہا کہ پابندی آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت عائد کی گئی ہے، عمران خان اپنی تقاریر اور بیانات میں ریاستی اداروں پر متواتر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قوم چوروں کے خلاف کھڑی نہ ہوئی تو پھر ہمارا کوئی مستقبل نہیں: عمران خان
پیمرا نے کہا کہ عمران خان اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے نفرت پھیلا رہے ہیں، ان کے بیانات سے نقص امن کا خطرہ ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان کی ریکارڈ شدہ یا براہ راست تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی ہو گی۔
یہ بھی پڑھین: لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
پیمرا نے مزید کہا کوئی ٹی وی چینل کسی بھی صورت میں عمران خان کا بیان، گفتگو، پریس کانفرنس، تقریر براہ راست یا ریکارڈڈ نشر اور ٹیلی کاسٹ نہیں کر سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے کہا کہ ہم اس حکم کو عدالت میں چیلنج کریں گے اور میڈیا بھی اس کو خود چیلنج کرے، ٹھگوں کی حکومت مکمل گھبرا چکی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ عمران خان کی آواز دبانے کی ایک اور مذموم کوشش میں امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات کو ٹی وی پر چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ٹھگوں کی حکومت مکمل گھبرا چکی ہے عمران خان کی آواز دبانے کی ایک اور مذموم کوشش میں آج امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات کو ٹیوی پر چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے، ہم اس حکم کو عدالت میں چیلنج کریں گے میڈیا اس حکم کو خود بھی چیلنج کرے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 5, 2023