ایک طرف انتخابی شیڈول، دوسری طرف پُر امن ریلی پر تشدد کیا جا رہا ہے، فرخ حبیب

Published On 08 March,2023 04:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ایک طرف انتخابات کا شیڈول آ چکا ہے، دوسری جانب 22 کروڑ عوام کے لیڈر کو ریلی کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ لاہور میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، فاشسٹ، امپورٹڈ حکومت ملک میں خون ریزی چاہتی ہے، ان کا راولپنڈی میں بھی خون ریزی کا پلان تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی ریلی: پولیس نے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دیں

فرخ حبیب نے کہا کہ آج انہوں نے پولیس کے ذریعے گلوکریسی کرائی، پولیس کے ذریعے ریاستی جبر کرایا، پولیس نے ڈنڈوں سے لوگوں کی گاڑیوں کے شیشے توڑے، نگران حکومت سے کہتا ہوں راستوں کو فوری کھولیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخابی شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، اب عمران خان کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، راجن پور کے انتخاب میں سب کی آنکھیں کھل چکی ہیں، حکومت نے 11 ماہ کے اندر عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے مارچ کو ’’برگر مارچ‘‘ قرار دیا

فرخ حبیب نے کہا کہ کارکن پُرامن رہیں، ان کی سازش کا شکار نہیں ہونا، یہ تصادم کے ذریعے لاشیں گرا کر انتخابات کو ملتوی کرانا چاہتے ہیں، نواز شریف کے لندن پلان کو ہم نے کامیاب نہیں ہونے دینا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین پر تشدد کیا گیا، کارکن زمان پارک پہنچیں، قانونی طریقے سے بھی امپورٹڈ حکومت کا مقابلہ کریں گے۔