لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ کوئی سرکاری ادارہ الیکشن میں تعاون سے انکار کرے گا تو ذمہ دار براہ راست وزیر اعظم ہوں گے۔
چودھری پرویز الٰہی سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر کوئی ادارہ الیکشن میں تعاون سے انکار نہیں کر سکتا، سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) March 10, 2023
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد میں رکاوٹ بنیں گے تو یوسف رضا گیلانی کی طرح گھر جائیں گے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ لاہور میں 8 مارچ کو زمان پارک میں نگران وزیراعلیٰ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی خونی تاریخ دہرائی ہے، اس خونریزی کا حساب نگران وزیراعلیٰ کو ہر صورت میں دینا پڑے گا، رانا ثنا اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ 25 مئی اور سانحہ زمان پارک میں براہ راست ملوث ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف دور میں لاپتہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے: چودھری پرویز الہٰی
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہوں گے اور اپنے انجام کو پہنچیں گے، الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد پنجاب میں انشاء اللہ عمران خان کی حکومت دوبارہ قائم ہونے میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) March 10, 2023
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پی ڈی ایم کی حکومت پہلی حکومت ہے جو الیکشن سے بری طرح خوفزدہ ہے، پی ڈی ایم الیکشن سے فرار کے حیلے بہانے کر کے عملی طور پر اپنی شکست تسلیم کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا: چودھری پرویز الہٰی
چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کرنے والوں میں سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ، سیاسی رہنما چودھری نعیم الدین وڑائچ، چودھری وسیم الدین وڑائچ اور چودھری اعجاز احمد وڑائچ شامل تھے۔