شہباز شریف نے قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا: چودھری پرویز الہٰی

Published On 08 March,2023 05:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی سے سابق ارکان اسمبلی اور مختلف رہنماؤں نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ شہبازشریف کی نام نہاد گڈ گورننس اور اسحاق ڈار کی جادو گری کا پول کھل چکا، ملکی معیشت کو سنبھالنا اس نااہل ٹولے کے بس کی بات نہیں، انشاء اللہ عمران خان وزیر اعظم بنیں گے تو ہی معیشت کا پہیہ صحیح سمت چلے گا، انہوں نے آئی ایم ایف کا دباؤ مسترد کر کے پٹرول 150 سے اوپر نہیں جانے دیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا اور پیسے اپنی جیب میں ڈال لیے، نااہل حکومت کی اتنی بڑی فوج ظفر موج عوامی خزانے پر بوجھ ہے، جلد از جلد عام انتخابات کرانے سے ہی ملک موجودہ معاشی بحران سے نکل سکتا ہے، مہنگائی اور بیروزگاری نے عام آدمی کو جیتے جی مار دیا ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگ ڈالر پاکستان سے دوبئی لے جاتے ہیں، پاکستان میں مینوفیکچرنگ کا شعبہ تباہ ہو گیا۔

تحریک انصاف کے صدر نے کہا کہ حکومتی پالیسی سے بے روزگاری میں اضافہ اور ریونیو کو نقصان ہو گا، مجھے لگتا ہے کہ شہباز شریف، فنانس منسٹری اور کسٹمز حکام گھوڑے بیچ کر سوئے ہوئے ہیں، سمگلنگ روکنے اور ریونیو بڑھانے کیلئے ہمیں اپنی سرحدوں کو مضبوط بنانا ہو گا، اس وقت ملک شدید مالی بحران کا شکار ہے، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں کاروبار میں نقصان در نقصان ہو رہا ہے، لیبر بیکار بیٹھی ہے مگر شہباز شریف اور نا اہل کابینہ کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔