لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کو حکومت کے غیرقانونی احکامات پر عمل کرنے کے نتائج سے خبردار کر دیا۔
لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ پر ردعمل میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد دفعہ 144 کے نفاذ کا کوئی قانونی جواز نہیں، کوئی نوٹس دیا گیا نہ ہی دفعہ 144 کے نفاذ کی کابینہ سے منظوری لی گئی، کٹھ پتلی نگران حکومت کے مکمل غیر قانونی اقدام کیخلاف پنجاب اور مرکزی الیکشن کمیشن سے رجوع کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخاب کا وقت قریب آرہا ہے، طے شدہ پروگرام کے تحت مکمل طور پر پرامن ریلی منعقد کریں گے، کسی بھی غیرقانونی حکم پر بنیادی آئینی و انتخابی حقوق کیخلاف اقدام پر آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور محاسبے کیلئے تیار رہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ معاملہ ہائیکورٹ کے روبرو بھی اٹھا رہے ہیں، قانون شکنی کو اندازِ حکمرانی بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔