عمران خان نے توشہ خانہ کے تحفے بیچ کر 3 نسلوں کی جائیدادیں بنا لیں: مریم نواز

Published On 13 March,2023 04:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ فواد چودھری گھڑی کے حوالے سے ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہا ہے، ان کے بکاؤ صحافی بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چاہتی ہوں یوتھ پاکستان کے کام آئے اور پاکستان آگے بڑھے، میں نے لاہور کالج سے ایف ایس سی کی تھی، نوجوانوں کو سمت دکھانا لیڈر شپ کا کام ہے، پاکستان کو بیرونی تھریٹ نہیں ہے، پاکستان کو اندرونی تھریٹ ہے، جب ملک کی بات آئے گی تو اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آج کل سب کچھ آئی ٹی کی بنیاد پر ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم نے ٹیوٹا کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ کروائیں، ہم نے بچوں کو یوتھ لون دیئے، جماعتوں کو صرف یوتھ کا نعرہ نہیں لگانا چاہیے، پارلیمنٹ میں بھی یوتھ کی بڑی تعداد ہونی چاہیے، کہیں یہ بات نہیں ہو رہی کہ یوتھ کیلئے کیا کرنا ہے، بنگلا دیش کہاں نکل گیا اور ہم کہاں بیٹھے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ خود گھر میں چھپ کر بیٹھے ہیں اور مار کھانے کیلئے بچوں کو سڑکوں پر چھوڑا ہوا ہے، عمران خان کہتے ہیں مریم نواز کو الیکشن مہم کی آزادی ہے مجھے نہیں، مریم کو یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی گئی، 4 سال جن حالات کا ہم نے سامنا کیا ان کو تو کسی نے انگلی بھی نہیں لگائی، عمران خان کی حکومت میں میرا ملتان میں جلسہ تھا، انہوں نے جلسہ نہیں کرنے دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے گاڑی پر کھڑے ہو کر جلسہ کرنا پڑا، آج کہتے ہیں مریم نواز کو آزادی ہے، تمہیں کس نے کہا ہے کہ بیڈ کے نیچے چھپ جاؤ؟، نواز شریف صاحب نے قوم کے کسی بچے کو جیل میں نہیں ڈالا، وہ اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر جیل گئے، ظل شاہ کی ماں نے کہا عمران خان کے اپنے بچے تو باہر بیٹھے ہیں، میرا بیٹا مروا دیا، وہ ظل شاہ کے گھر تک نہیں گئے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ قوم کا جو بیٹا شہید ہوا آپ کے دل میں اس کی عزت یہ تھی؟، پی ٹی آئی کارکن کی گاڑی میں ظل شاہ کو ہسپتال پھینک گئے، ان کو پتہ تھا اس کا ایکسیڈنٹ ہوا، ان کو سچائی کا پتہ تھا انہوں نے سچائی چھپائی، لیڈر یہ نہیں کہتا کہ چیک کرو باہر پولیس بیٹھی ہے یا نہیں، ظل شاہ باہر بیٹھا رہا اس نے کبھی اس کو منہ نہیں لگایا، اب اس کی لاش پر سیاست کر رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سائفر پر کھیلنے کا مطلب پاکستان کی تقدیر کے ساتھ کھیلنا ہے، ایبسولوٹی ناٹ کا سبق پڑھا کر ایبسولوٹلی یس کرتے ہوئے نکل گئے، مجھے 100 فیصد یقین ہے اس کو پاکستان کو خراب کرنے کیلئے لانچ کیا گیا ہے، جو تم نے 4 سال ملک کے ساتھ کیا تمہیں کوئی کیوں دوبارہ وزیر اعظم بنائے، شہباز شریف حکومت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحفے توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے گھر لے گیا، میں کہتی ہوں اس پر پاکستان میں بین لگنا چاہیے، جو لیڈر ہوتے ہیں فرنٹ پر لیڈ کرتے ہیں، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، انہوں نے بل کلنٹن کو انکار کر کے دھماکے کیے، اس وقت اگر یہ گیدڑ وزیر اعظم ہوتا تو کہتا بل کلنٹن کا فون بند ہوا ہے یا نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے، وہ 3 دفعہ وزیر اعظم بنے، نواز شریف دور میں ملک کی گروتھ میں اضافہ ہوا، وہ گئے تو ملک نیچے کی طرف گیا، عدالت بلائے تو ٹانگ ٹوٹی اور جلسے کیلئے ہر وقت تیار ہوتا ہے، توشہ خانہ کی لسٹ میں مجھ پر گھڑی لینے کا جھوٹا الزام لگایا، اسی وقت میں نے ایف آئی اے، پیمرا کو جھوٹا الزام بھیجا۔

مریم نواز نے کہا کہ میرے نام پر گھڑی نہیں ایک پائن اپیل ہے، میرے خلاف اگر ایک پائن ایپل ملا ہے تو ڈوب کر مر جانا چاہیے، ایک طرف پائن ایپل، دوسری طرف 5 کیرٹ ہیرے کی انگوٹھی، عمران خان نے توشہ خانہ کے تحفے بیچ کر 3 نسلوں کی جائیدادیں بنالیں، مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا، 5 ماہ جیل رہی، عدالت نے جھوٹے کیس کو اٹھا کر باہر پھینکا۔
 

Advertisement