عمران خان کیخلاف کارروائی کی جاتی تو آج ملک کے حالات ایسے نہ ہوتے: رانا تنویر حسین

عمران خان کیخلاف کارروائی کی جاتی تو آج ملک کے حالات ایسے نہ ہوتے: رانا تنویر حسین

کوٹلی میانی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ عمران خان کا سیاہ اور بھیانک چہرہ ملک کی تباہی کا مسلسل سبب بن رہا ہے، یہ شخص یہودی لابی کا ایجنٹ ہے اور پاکستان میں یہودیوں کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، اس نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، 4 سال میں اس کی کارکردگی صفر رہی۔

رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ اگر 2018 میں نواز شریف کی حکومت ہوتی تو پاکستان ایشیا کا خوشحال اور ترقی یافتہ ملک ہوتا، زمان پارک میں ایک سرکس لگا رکھا ہے، نہتے پولیس والوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، گرفتاری سے بچنے کیلئے ریاستی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے، عمران خان نے اداروں کے خلاف عام شہریوں کو لاکھڑا کیا ہے اور حالات کو خراب کرنے پر تلا ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان پہلے کی طرح اب بھی فاشسٹ نظام چلانے کی کوشش کر رہا ہے اور یہ افسوس ناک صورتحال ہے، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی سے کامیاب معاشرہ دے سکتے ہیں، پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے، مملکت کی بہتری کیلئے ہمیں مل جل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔