لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 2 بچیوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے ہیں، صوبے بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے اپڈیٹس
— PDMAKP OFFICIAL (@PDMAKP) March 21, 2023
خیبر پختونخوا میں زلزلے سےحادثات کےنتجے 9 افراد جابحق ہوئے ۔
۔مختلف حادثات کےنتجےمیں 44 افراد زخمی ہوئے۔
اب تک کی اطلاعات کےمطابق صوبہ بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
سیکریٹری ریلیف عبدالباسط اور ڈی جی پی ڈی ایم اے ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں موجود pic.twitter.com/LdpORywkIw
ریکٹر سکیل کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، آزاد کشمیر، کوہاٹ، صوابی اور راولپنڈی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور بلڈنگوں سے باہر آگئے۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی
پنڈی بھٹیاں، گوجرانوالہ، صفدرآباد ، آزاد کشمیر کے علاقے باغ اور مضافات، مظفرآباد، بھلوال، شورکوٹ، بہاولنگر، قائدآباد، گجرات، ملتان، چناب نگر، فیصل آباد سانگلہ ہل، علی پورچٹھہ، کوٹ چھٹہ، بہاول پور، کرک، مالاکنڈ، شگر، احمد پور شرقیہ، اوچ شریف، پھول نگر، داٶد خیل، مریدکے، ایبٹ آباد، میاں چنوں، دینہ، جہلم ویلی، کلرکہار، میانوالی اور رحیم یار خان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
بورے والا، کھوئی رٹہ، لیاقت پور، خانپور، صادق آباد ، کوٹسمابہ شیخ واہن، ضلع کرم، قصور، رینالہ خورد، کوٹ مومن، ہنگو اور اورکزئی، پیرمحل، جہانیاں، چشتیاں، عباسپور پونچھ ، ہنزہ، ننکانہ صاحب، خوشاب، جوہر آباد، ہڈالی، وادی سون، تھل، میرپور، اسلام گڑھ، ڈڈیال، جاتلاں، نکیال، بھمبر کوٹلی، پاکپتن، جھنگ، کوٹ رادھاکشن اور کہوٹہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اٹک، بھکر، حجرہ شاہ مقیم، ڈیرہ غازی خان، عارف والا، سرائے عالمگیر، کنگن پور، منچن آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیرمحل، سوات، کروڑ لعل عیسن سمیت ملک کے بھر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
ہسپتالوں میں الرٹ جاری
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے ہسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں زلزلے کے پیش نظر لوگوں کی خیریت اور سلامتی کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ سب کو حفظ و امان اور ملک کو ہرآفت سے محفوظ رکھے۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اورمتعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
امیر مقام
علاوہ ازیں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے پاکستان بھر میں آنے والے زلزلے میں تمام لوگوں کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو نقصانات کی صورت میں فوری ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔