اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گزشتہ روز ملک کے بیشتر مقامات پر زلزلے کے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا، زلزلے کے بعد 3.7 کا ایک آفٹر شاک بھی آیا۔
خیبرپختونخوا میں زلزلے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے میں مختلف مقامات پر 66 افراد زخمی ہوئے، صوابی میں گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے، چترال میں چھت اور دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
گلگت بلتستان کے علاقے استور میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستہ بلاک ہوگیا، اسلام آباد کے علاقے ایچ الیون میں خداداد ہائٹس بلڈنگ کو نقصان پہنچا۔