نیویارک : (ویب ڈیسک ) لاطینی امریکہ کے ملک ایکواڈور اور شمالی پیرو میں 6.8 شدت کازلزلہ آیا ہے ، جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے ۔
ایکواڈور(Ecuador) اورشمالی پیرو میں چھ اعشاریہ آٹھ شدت کےزلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، زلزلے کے نتیجے میں ایکواڈورمیں 13 افراد ہلاک ہوئے جبکہ پیرو میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔
ایکواڈور میں کم از کم 126 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر، گویاکیل سے تقریباً 80 کلومیٹر (50 میل) جنوب میں تھا اور اس کی گہرائی 66.4 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ۔
زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے ، زلزلے کے شدید جھٹکوں سے متعدد گھروں،سکولوں اورطبی مراکز کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔
زلزلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ سانتا روزا ہوائی اڈے کو معمولی نقصان پہنچا، لیکن کام جاری رہا ، حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے سے سونامی پیدا ہونے کا امکان نہیں۔
پیرو میں زلزلے کے جھٹکے ایکواڈور کے ساتھ اس کی شمالی سرحد سے لے کر وسطی بحرالکاہل کے ساحل تک محسوس کیے گئے۔
ایکواڈور کے جیو فزکس انسٹی ٹیوٹ کے مطابق، ابتدائی زلزلے کے بعد اگلے گھنٹے میں دو آفٹر شاکس بھی آئے ہیں ۔
خبر ایجنسی کاکہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے زلزلے کے باعث ہونیوالے نقصان کا بھی اندازہ لگایا جارہا ہے ۔
ایکواڈور میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں 2016 میں بحر الکاہل کے ساحل پر شمال کی جانب شہر میں ایک زلزلہ آیا تھا جس میں 600 سے زائد افراد ہلاک ہوئےتھے ۔