سپیکر قومی اسمبلی نے آئینِ پاکستان 1973 کی یادگار کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

Published On 10 April,2023 12:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، پارلیمنٹ ہاؤس کی راہداریوں میں ایس ایم ڈیز نصب کر دی گئیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے صدر دروازے پر 1973 کے آئین کی منظوری کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی یادگار کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، آئین پاکستان 1973 کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خطاب کیا، سپیکرقومی اسمبلی نے جمہوریت کے گمنام ہیروز کی یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ آج 10 اپریل 2023 کو آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا آغاز کر رہے ہیں، آئین کا متفقہ منظور ہونا ایک کامیابی ہے، 1973 میں آئین متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا، دستور پاکستان کی یادگارکی تعمیر ایک مثبت اور اہم قدم ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کسی بھی ملک کا آئین اس کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، محسنوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں، آئین کی آگاہی کیلئے ضروری ہے ہم 10 اپریل تاریخی دن کے طور پر منائیں۔

راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے سی ڈی اے اس یادگار کی تعمیر جلد مکمل کرے گا، اس یادگار کے ڈیزائن کیلئے ملک گیرمقابلہ ہوگا، ڈی چوک پر یادگار کی تعمیر کے ساتھ ایک باغ بھی تعمیرہوگا جس کا نام باغ دستور ہوگا۔