پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں: وزیراعظم

Published On 28 April,2023 10:40 am

رسالپور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، وزیر اعظم شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پاک فضائیہ کے ضرار اور میراج طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار مظاہرہ پیش کرکے آسمان پر رنگ بکھیر دیے۔

وزیراعظم نے گارڈز آف آنر کا معائنہ کیا، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو فلائنگ بیجز لگائے اور ایوارڈز دیے جبکہ شہباز شریف کو کیڈٹس نے سلامی پیش کی، سالانہ تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت عسکری قیادت شریک تھی۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیردفاع خواجہ آصف سمیت دیگر سیاسی قیادت نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹس کے والدین اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ہر چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھرمیں نمایاں ہے، یقین ہے کہ مسلح افواج ہمیشہ قومی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی رہیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاک فضائیہ ہمیشہ ملک کے دفاع کے لیے پرعزم رہی ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، پاک فضائیہ کی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتیں دنیا میں نمایاں ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہر کوشش کی جائے گی اور جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 3 رکنی بینچ کا فیصلہ نہیں مانتے، عدالت گھر بھیجے گی تو میں تیار ہوں: وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نے اگست 2019 سے کشمیرکو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ قیام امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمسائیوں کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں۔

Advertisement