اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شرو ع ہو گیا، حکومت اور پی ٹی آئی نے اپنی اپنی تحریری تجاویز کا تبادلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے تحریری تجاویز حکومتی وفد کے حوالے کر دیں، حکومتی اتحاد نے بھی تحریری تجاویز پی ٹی آئی وفد کو دیدیں، پی ٹی آئی نے الیکشن سمیت 8 نکاتی تجاویز کا ڈرافٹ حکومتی اتحاد کے حوالے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک دن انتخابات کیلئے حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کا فائنل راؤنڈ شروع
پی ٹی آئی نے بکرا عید اور محرم کے درمیان کے ایام میں انتخابات کرانے کی تجویز دی، تجویز کے مطابق اگست کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں الیکشن ہوسکتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنی تجاویز کا ڈرافٹ سپریم کورٹ کو بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اپنے وکلا کے ذریعے اپنا مذاکراتی ڈرافٹ سپریم کورٹ کو بھجوائے گی، حکومت ڈرافٹ پر پی ٹی آئی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مشاورت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مارشل لا لگا تو پھر کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہو گی: عمران خان
مذاکرات کے آغاز سے قبل دونوں فریقین نے اپنے اپنے قائدین سے تفصیلی مشاورت کی، مسلم لیگ ن نے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف سے بھی مشاورت کی، پی ٹی آئی کا وفد عمران خان سے تفصیلی مشاورت کے بعد مذاکرات میں شریک ہوا۔