اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، مشکل حالات میں چین کی جانب سے حمایت پر مشکور ہیں۔
پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کا آغاز ہوگیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چینی وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، چین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:چینی وزیر خارجہ چن گانگ کی دفتر خارجہ آمد، بلاول بھٹو نے استقبال کیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتا ہے، چین نے عالمی سطح کے ہر فورم پر پاکستان کی غیرمشروط حمایت کی، پاکستان ہر عالمی فورم پر چین کے مفادات کی حمایت جاری رکھے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو اور نوازشریف نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں اہم کردار ادا کیا، آصف زرداری اور نوازشریف نے چین کے ساتھ اہم منصوبے شروع کئے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کیلئے خاص اہمیت رکھتا ہے، تمام ایشوز پر چین کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات دہائیوں پر مشتمل ہیں، مشکل حالات میں چین کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔
بعدازاں چین کے وزیر خارجہ چن گانگ نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے لان میں پودا لگایا۔