لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے وزیر اعظم اور آصف زرداری کے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری کے بیانات حیران کن ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھی پر کھڑے دونوں لیڈرز کو احساس نہیں وہ کیا کر رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی کے ہر عنصر کو دفن کر دیا گیا، عمران خان پر قاتلانہ حملے کے نامزد ملزمان سے تفتیش بنیادی بات ہے اس سے انکار قانون کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔
شہباز شریف اور آصف زرداری کے بیانات حیران کن ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھی ہر کھڑے ان دونوں لیڈرز کو احساس نہیں وہ کیا کر رہے ہیں، اس ملک میں رول آف لاء کے ہر عنصر کو دفن کر دیا گیا ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کے نامزد ملزمان سے تفتیش بنیادی بات ہے اس سے انکار قانون کو دفن کرنے کے… https://t.co/CLKz0aVqzw
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 8, 2023
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک بیان میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ ایک شخص اداروں کو بدنام کرنے کی ہر حد کو عبور کر چکا ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان نے میرے خلاف ہر حربہ استعمال کیا لیکن ناکامی ہوئی، عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹے مکار آدمی ہیں، ان کا جھوٹ قوم کے سامنے آ رہا ہے۔