لاہور: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 13 جماعتوں کا ایجنڈا صرف ایک شخص کو نااہل کروانا اور جیل میں ڈالنا ہے۔
سربراہ عوام مسلم لیگ شیخ رشید کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آپ عمران خان کو ختم کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ اس کی سیاست ختم ہوجائے گی تو آپ کی عقل پر پردہ پڑا ہوا ہے، حکومت اپنی پاؤں پر خود کلہاڑی ماررہی ہے، آپ ایک شخص کو دس بار نااہل کردو، آپ سے وہ ختم نہیں ہورہا، انہوں نے اپنے کیسز ختم کرنے کیلئے نیب کو لنگڑا لولا کردیا ہے، عمران خان کا کیس 10 دن کی مارنہیں ہے۔
انہوں نے کہا چھوٹے لوگ بڑی جگہوں پر آگئے ہیں، لوگ اس نااہل،نالائق اور نکمی حکومت سے تنگ ہیں، آپ ڈلیور نہیں کرسکتے، آپ نے ایک شخص کو پکڑنا تھا، ان 13جماعتوں نے جو کچھ سوچا تھا اس کا سارا فائدہ عمران خان کو چلا گیا، سارا اسلام آباد سیل ہوچکا ہے، دنیا بھر کی ایجنسیاں کیا سے کیا خبر دے رہی ہیں، اس 27کلومیٹر کی حکومت میں 3تھانے جل گئے ہیں، صرف لاہور میں 10آدمی مرگئے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا ڈائیلاگ کرنے والے لوگوں کو عدالتوں سے اٹھا یا جارہا ہے، آپ کرنے کیا جارہے ہیں؟ یہ چاہتے ہیں ان کے سر پر کوئی دستک شفقت رکھے، جن لوٹوں نے پیسے لے کر ووٹ بیچے ان کو رینجرز کی سکیورٹی دی جارہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گلی محلے میں جو نعرے لگ رہے ہیں ،میں خود ڈپریشن میں چلاگیا ہوں، اس سے بہتر ہے بندہ جیل چلا جائے اس فوج کو عظیم سمجھتا ہوں، فوج پاکستان کے عوام پر گولی نہیں چلا سکتی، یہ ادارے بہت عظیم ہیں، فوج کےاداروں کو نقصان پہنچانا زیادتی ہے، توڑ پھوڑ کی یہی وجہ ہے کہ اس احتجاج کو عوام نے خود لیڈ کیا ہے۔