لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کریک ڈاؤن نہ رکا، ڈاکٹر یاسمین راشد اور شیریں مزاری کو بھی گرفتار
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) وسطی پنجاب کی صدر اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو صوبائی دارالحکومت لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق صوبائی وزیر کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اس حوالے سے معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
شیریں مزاری
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ رات اسلام آباد سے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیریں مزاری کو اسلام آباد میں ان کے گھر سے گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کی تصدیق ان کی بیٹی ایمان مزاری کی جانب سے کی گئی تھی۔
ادھر پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی وزیر مبین خلجی کو بھی کوئٹہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مبین خلجی کو ایم پی او تھری کے تحت گرفتار کیا گیا، مبین خلجی کو کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوابی میں سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران شہرام ترکئی گھر میں موجود نہیں تھے۔
پولیس چھاپے کے بعد پی ٹی آئی رہنما شہرام ترکئی نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے میرے گھر میری غیر موجودگی میں ریڈ کی ہے، پورے گھر کی تلاشی لی گئی یہ ہمارے صوبے کی روایات نہیں تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ سرکار نہ اس نظریئے کو ہرا سکتی ہے اور نہ اس نظریئے کے پیروکاروں کو جھکا سکتی ہے۔