اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم دیا، جبکہ شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کو کالعدم بھی قرار دے دیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شاہ محمود قریشی کو بیان حلفی دینے کے بعد رہا کیا جائے گا۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علی محمد خان نے کل جو انڈر ٹیکنگ دی تھی، وہ دیکھ لیں، اِسی کی طرح دے دیں۔
جس پر وکیل نے جواب دیا کہ شاہ محمود قریشی سے ہدایات لے کر انڈرٹیکنگ جمع کرا دیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔