اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ پاک فضائیہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر جناب حماد عبید الزابی نے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جناب حماد عبید الزابی نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے پی اے ایف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن کا اظہار کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے اتحادی ممالک سے سمارٹ ٹیکنالوجیز کے حصول، انفراسٹرکچر کی توسیع اور آپریشنل و تربیتی شعبوں کی ازسرنو تشکیل کے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
— DGPR (AIR FORCE) (@DGPR_PAF) May 18, 2023
ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے، ایئر چیف کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون، اسٹریٹیجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیرمعمولی پیش رفت کی تعریف کی، معزز سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللہ سے قطری سفیر کی ملاقات، پاکستانی افرادی قوت بڑھانے پر اتفاق
جناب حماد عبید الزابی کی جانب سے دوطرفہ عسکری تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، معزز سفیر کی جانب سے تربیتی شعبے، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین گہری دوستی کے ساتھ ساتھ پرامن اور مستحکم خطے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔