اسلام آباد: (دنیا نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے 22 مئی کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی جی ٹونٹی کانفرنس کے خلاف اسلام آباد میں ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ حریت رہنما جیلوں میں بند ہیں، کشمیریوں پر ظلم کی انتہا ہو چکی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا تسلط جمانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2019ء کو جو اقدامات کیے اس پر بھارت جشن منا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں جی ٹونٹی کانفرنس کرا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت 1947 سے اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کرچکا ہے : رپورٹ
مشعال ملک نے کہا کہ تمام ممالک کو خطوط لکھے ہیں، سب کو موجودہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، اس جی ٹونٹی کا سب کو بائیکاٹ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ ممالک مقبوضہ کشمیر میں جی ٹونٹی میں شریک ہوتے ہیں تو انہیں بھارت کے ظلم میں برابر کے شریک سمجھیں گے، انہوں نے کہا کہ 22 مئی کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی جی ٹونٹی کانفرنس کے خلاف اسلام آباد میں ریلی نکالوں گی۔