لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستان اورچین کے سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی چینی قونصلیٹ آمد قونصلر جنرل کو مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کے72سال مکمل ہونے پر چینی قونصل جنرل کو مبارکباد دی اور کیک بھی کاٹا۔
چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف صنعتکار گوہر اعجاز اورمیاں احسن بھی ہمراہ تھے، ملاقات میں تجارتی ومعاشی تعلقات کو فرو غ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، سی پیک اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کا نیاسال دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کی مزید نئی راہیں کھولے گا، زراعت، ہیلتھ کیئر،ٹیکنالوجی اورتعلیم کے شعبوں میں چین کے تعاون سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین ایک روشن کل کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، چین ہمارا ہر موسم کا دوست،مضبوط شراکت دار اور قابل اعتماد پڑوسی ثابت ہوا ہے، ضرورت کے وقت چین کی غیر متزلزل حمایت پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کا سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
نگران وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں چین کے انمول تعاون کی دل سے قدر کرتے ہیں، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں سی پیک ایک سنگ میل ثابت ہورہا ہے، حکومت پنجاب مختلف شعبوں میں چین کی حمایت اور تعاون پر شکرگزار ہے۔
چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔