پنجاب انتخابات : وفاقی حکومت نے 14مئی کو الیکشن کے فیصلے پرنظرثانی کی استدعا کردی

Published On 22 May,2023 02:48 pm

اسلام آباد : (دنیانیوز) پنجاب میں انتخابات کرانےکے فیصلےکے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروا دیا۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کے فیصلے پرنظرثانی کی استدعا کی ہے۔

وفاقی حکومت نے اپنے جواب میں کہا ہےکہ آزادانہ اورشفاف انتخابات کروانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، سپریم کورٹ نے خود تاریخ دے کر الیکشن کمیشن کے اختیار کو غیر مؤثر کر دیا، پنجاب میں انتخابات پہلے ہوئے تو قومی اسمبلی کے انتخابات متاثر ہونےکا اندیشہ ہے۔

وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والا صوبہ ہے، پنجاب میں جیت سے یہ تعین ہوتا ہے کہ مرکز میں حکومت کون کرے گا، پنجاب میں انتخابات قومی اسمبلی کے ساتھ ایک ہی وقت میں ہونے چاہئیں ، سپریم کورٹ اپنے  4 اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کرے ۔

یہ بھی پڑھیں :نگران پنجاب حکومت نے صوبے میں فوری انتخابات کی مخالفت کردی

دوسری جانب نگراں پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں فوری انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔

قبل ازیں سپریم کورٹ نے 12 اپریل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی پر اٹارنی جنرل، گورنراسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے تھے۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے گزشتہ ماہ 4 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے لیے 14 مئی کوانتخابات کرانے کا حکم جاری کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے 14مئی کو انتخابات کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی۔
 

Advertisement