خاتون جج دھمکی کیس: عمران خان طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے

Published On 25 May,2023 11:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ ایند سیشن کورٹ میں عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

سماعت میں عمران خان کے جونیئر وکیل مرزا عاصم بیگ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ عمران خان کے سینئر وکیل سلمان صفدر ہیں وہ لاہور سے آرہے ہیں، اس کیس میں وہ دلائل دیں گے۔

جونیئر وکیل نے کہا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکرنی ہے اس پر پراسیکیوٹر نے حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پرعمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

عدالت نے کہا کہ استثنیٰ کی درخواست آئی تو دیکھتے ہیں، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔