کراچی : ( دنیا نیوز ) ممبر صوبائی اسمبلی اور یوتھ ونگ سندھ کے صدر عباس جعفری نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو خیر باد کہہ دیا۔
ایم پی اے عباس جعفری نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی پہلے بھی مذمت کی ہے اور اب بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد پاکستان آرمی ہے اور بنیادوں کو چھیڑا نہیں جاتا، میں پارٹی رکنیت اور پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفی دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد آئی سی یو میں ہیں، اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان بعد میں کروں گا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف کے کئی ارکان پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ سے پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر محمود مولوی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی، ضلعی صدر خیرپور سید غلام شاہ، ایم این اے جے پرکاش، ایم پی اے بلال غفار، ایم پی اے عمر عمری، ایم پی اے سید ذوالفقار علی شاہ، ایم پی اے سنجے گنگوانی اور ایم پی اے ڈاکٹر عمران شاہ بھی تحریک انصاف چھوڑنے والوں میں شامل ہیں۔