کوئٹہ : ( دنیا نیوز ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ امن امان کے قیام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بلوچستان پولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا جہاں انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پولیس عبدالخالق شیخ نے کمانڈ سنٹر میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ عبدالقدوس بزنجو نے پولیس فورس کے مورال اور عزم وحوصلہ کو بلند کرنے پر آئی جی کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس ایک اسٹرائکنگ فورس کے طور پر ابھری ہے، سنٹرل پولیس آفس میں قائم ڈیٹا کمیونیکشن اینڈ کمانڈ سنٹر اہم پیش رفت ہے، عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ہمیں بھی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہو گا ۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنی فورسز کی استعداد کار میں اضافہ اولین ترجیح ہے، حکومت پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافہ کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی ، امید ہے کہ سائلین کی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا اور قانون کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ پولیس پر عوام کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ، تھانہ کلچر میں بنیادی تبدیلیاں لاتے ہوئے اسے عوام دوست بنایا جائے ، دوران چیکنگ عوام کی عزت نفس کو ہر صورت بحال رکھا جائے اور دوران تفتیش ملزمان سے بہتر رویہ روا رکھا جائے۔