اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنماؤں ڈاکٹر اختر ملک اور میاں طارق عبد اللہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ایم پی اے میاں طارق عبد اللہ نے کہا ہے کہ نو مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، نو مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں اور تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، مجھ پر پارٹی چھوڑنے کا کوئی پریشر نہیں، قومی اداروں سے ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق صوبائی وزراء سمیت مزید کئی رہنماؤں نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا
میاں طارق عبداللہ نے مزید کہا ہے کہ تیس سال سے سیاست میں ہوں پہلے بھی کہا تھا قومی اداروں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہونا چاہئے تھا، پاکستان ہے تو سیاست ہے نہ احتجاج میں شریک ہوا نہ ہی کارکنان کو احتجاج کا کہا، آج دکھی دل سے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کر رہا ہوں۔
سابق ایم پی اے میاں طارق نے کہا کہ اللہ ملک کیلئے بہتر کرے، نو مئی کو جو کچھ ہوا پارٹی کی اعلیٰ کمان کو روکنے کا میسج کیا، میرے پاس وٹس ایپ پر میسج موجود ہے، سیاست کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہوتا ہے، نو مئی کی سیاست کا قائل نہیں ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: خان صاحب خدا حافظ عمران اسماعیل نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا
ڈاکٹر اختر ملک نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتا ہوں، سیاست بڑا بے رحم سا کھیل ہے، میڈیکل ڈاکٹر ہوں اپنے پروفیشن کو جاری رکھوں گا، یہ ملک، لوگ اور ادارے ہمارے ہیں، سب کو ملک کی بہتری کا سوچنا چاہیے۔