لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں عامر میر نے کہا کہ ایک نام نہاد سیاسی پارٹی اپنے مذموم مقاصد کیلئے خواتین بارے زہریلا پروپیگنڈہ کر رہی ہے، پنجاب کی جیلوں میں قید 9 مئی کے واقعات میں ملوث خواتین سے قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جیلوں میں قید خواتین کو قانون کے مطابق شائستگی سے ڈیل کر رہی ہے، 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عامر میر کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹے پروپیگنڈے سے سستی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے، عوام شرپسندوں کی سرپرستی کرنے والے کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔
9 مئی کے واقعات میں گرفتار خواتین کے کوائف جاری
نگران وزیر اطلاعات عامر میر کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا، گرفتار 32 خواتین میں سے 21 رہا ہو چکی ہیں جبکہ 11 خواتین اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام ہمیں خواتین کی عزت اور احترام کا درس دیتا ہے، خواتین سے بدسلوکی کا تصور بھی نہیں کر سکتے، دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث خواتین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔