ملکی معیشت تباہی کی گہری کھائی میں گرتی جا رہی ہے: عمران خان

Published On 29 May,2023 05:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کو پوری طرح پسِ پشت ڈالتے ہوئے فسطائی حکومت نے جنرل مشرف کے مارشل لاء کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ فسطائی حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر کاربند ہے، اس دوران ملکی معیشت اوندھے منہ تباہی کی گہری کھائی میں گرتی جا رہی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ شناختی کارڈ نہ رکھنے والوں کیلئے تو یہ 320 سے 325 روپے میں دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اُونچی اُڑان، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سرکاری اور اوپن مارکیٹ کے نرخ میں 30 روپے فی ڈالر کا فرق ہے، معیشت میں ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی / روپے کے مقابلے میں ڈالرز پر عوام / کاروباری طبقے کے غیر معمولی اعتماد کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ملک میں مقامی یا غیر ملکی سرمایہ کاری ناپید ہے جس سے مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں شدید سکڑاؤ پیدا ہوگا یا معیشت کو اس سے بھی شدید دھچکہ پہنچے گا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ ملک نہایت بلند افراطِ زر، شدید ترین مہنگائی / ہائپر انفلیشن کے چنگل میں پھنسے گا، پی ڈی ایم رہنماؤں کے اربوں ڈالرز بیرونِ ملک تجوریوں میں محفوظ ہیں، یہ قابلِ فہم ہے کہ کیوں انہیں معیشت کی تباہی کی رتی بھر فکر نہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے پاکستانی مقتدرہ اسٹیبلشمنٹ ملک کو مکمل معاشی تباہی و بدحالی کی دلدل میں گرنے کی اجازت کیسے دے رہی ہے۔ 

Advertisement