پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں چلنے والی بی آر ٹی بس سروس مالی بحران کا شکار ہو گئی جس کے باعث نجی کمپنی نے سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹرانسپورٹ کمپنی نے 75 کروڑ روپے سے زیادہ بقایاجات کی عدم ادائیگی پر سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی کمپنی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام کو خط بھی ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی وہیکل آپریشن اور مرمتی سروسز کی مد میں 75 کروڑ 40 لاکھ روپے کے بقایاجات ہیں۔
ٹرانس پشاور نے فروری، مارچ، اپریل اور مئی کے بقایاجات تاحال ادا نہیں کیے جس سے کمپنی شدید مالی بحران سے دوچار ہے۔
دوسری جانب صوبائی نگران وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خان خٹک نے کہا ہے کہ ٹرانس پشاور نے سمری وزیر اعلیٰ کو بھیجی ہے، کس کس مد میں ادائیگیاں کرنا ہیں اس کا باقاعدہ آڈٹ کیا جائے گا۔