راجن پور: (دنیا نیوز) کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔
راجن پور میں فلڈ کنٹرول روم کے مطابق برساتی نالہ کاہا سلطان سے 6 ہزار کیوسک سیلابی ریلا گزر رہا ہے جبکہ نالہ چھاچھر سے 2 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔
فلڈ کنٹرول روم نے کہا ہے کہ ندی نالوں کا سیلابی پانی روجھان کے سیم نالوں میں پہنچ گیا ہے، سیم نالوں کے حفاظتی بندوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، جہانیاں اور راجن پور میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی ہے، کوہلو میں بارش اور ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔
ادھر گلگت بلتستان کے علاقے استور میں کئی روز سے جاری بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری تھم گئی ہے جس کے بعد علاقے میں بڑی تعداد میں سیاح پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔