لاہور: (دنیا نیوز) مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات سمیت اساتذہ نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طلباء کے وفد کا کہنا تھا کہ یہ بہت تکلیف دہ لمحات ہیں، یہ گھر بابائے قوم محمد علی جناح سے منسوب ہونے کے باعث قابلِ قدر تھا، منظم سازش کے تحت یہ تخریب کاری کی گئی ہے، شرپسند اور اُن کے آلہ کار یاد رکھیں کہ ایسی سازشوں سے فوج اور پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتے۔
اساتذہ نے کہا کہ فوج کا دشمن اصل میں پاکستان کا دشمن ہے، 9 مئی ایک قومی سانحہ ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ذمہ داران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے، بے قصور کو سزا اور مجرموں کو رعایت نہیں ملنی چاہیے، کوئی بھی شرپسند سزا سے نہیں بچنا چاہیے۔
اساتذہ کا مزید کہنا تھا کہ شرپسندوں نے شہداء کی حرمت کو بھی پامال کیا جو انتہائی شرمناک عمل ہے، نوجوانوں کو نفرت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور شہیدوں کے بلند درجات کیلئے دعاگو ہیں۔