چیئرمین پی ٹی آئی کے پیدا کردہ سیاسی عدم استحکام سے معیشت کونقصان پہنچا: وزیراعظم

Published On 10 June,2023 11:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پیدا کردہ سیاسی عدم استحکام نے معیشت کو نقصان پہنچایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی، گلوبل سپلائی چین میں رکاوٹوں اور جیواسٹریٹجک تبدیلیوں سے پیدا ہونیوالے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے نئے مالی سال کا بجٹ بنانا ایک مشکل کام تھا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پیدا کئے گئے سیاسی عدم استحکام نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، حالیہ بجٹ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز اور بحرانوں سے نبرد آزما ہونے کا آغاز ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے بجٹ بنانے کیلئے ایسے شعبوں کو ترجیح میں رکھا جن کے ذریعے اقتصادی ترقی تیز ہو، سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت کو خودکفیل بنایا جا سکے، بجٹ میں کم سے کم اجرت کو بڑھا کر 32 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کے اثرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں میں بالترتیب 35 اور ساڑھے 17 فی صد تک اضافہ کر کے ریلیف فراہم کیا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے، چارٹر آف اکانومی ہی عوامی خوشحالی کے لئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔