اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ 2017ء میں ترمیم کا بل منظور کر لیا گیا جس کے تحت الیکشن کمیشن نیا شیڈول، عام انتخابات کی تاریخ کااعلان اور الیکشن پروگرام میں ترمیم کر سکے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسحاق ڈار نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل میں مزید ترامیم پیش کیں، ایوان نے بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا، ایوان کی جانب سے الیکشن ایکٹ کے سیکشن ستاون میں ترمیم کی گئی ہے۔
آئین میں جس جرم کی سزا کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا وہاں نااہلی 5 سال سے زیادہ نہیں ہوگی، سپریم کورٹ، ہائیکورٹ یا کسی بھی عدالتی فیصلے، آرڈر یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے 5 سال کیلئے نااہل ہو سکے گا۔
بل کے مطابق آئین کے آرٹیکل 62 کی کلاز ون ایف کے تحت 5 سال سے زیادہ کی نااہلی کی سزا نہیں ہو گی، متعلقہ شخص پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا بھی اہل ہوگا۔