وزیر اعظم کا ایرانی اور آذربائیجان کے صدور کو ٹیلی فون، عید کی مبارکباد دی

Published On 29 June,2023 08:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران اور آذربائیجان کے صدور کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عید کے موقع پر ایران کی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے بھی پاکستانی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قوم نے افراتفری پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا: وزیر اعظم، عید جوانوں کیساتھ منائی

دونوں قائدین نے برادر ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور سرحد پر مارکیٹس کے قیام کو دوطرفہ معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا، ایرانی صدر نے عید کی مبارک دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو بھی ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے عوام اور حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا، صدر الہام علیوف نے بھی خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے عمل کو تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا، شہباز شریف نے آذربائیجان سے ایل این جی کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا، صدر الہام علیوف نے بھی عید کی مبارکباد دینے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔