قوم نے افراتفری پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا: وزیر اعظم، عید جوانوں کیساتھ منائی

Published On 29 June,2023 05:28 pm

پارہ چنار: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک افغان سرحد پر مامور فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی، پارہ چنار آمد پر آرمی چیف نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج کے جذبے، عسکری تیاری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج میں عید کا دن آپ کے ساتھ گزار رہا ہوں تاکہ مادر وطن کی سرحدوں کی بہادری سے حفاظت کرنے والے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اور جذبوں کو خراج تحسین پیش کروں، پاک فوج کے جوان اپنے آرام و سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف نے پارا چنار میں فوجی جوانوں کے ساتھ نمازعید اداکی

وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ فوج جوان موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب کا سامنا کر کے سرحدوں پر پہرہ دیتے ہیں جس پر قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے، عید سمیت خوشیوں کے تہوار ہوں یا کوئی غم کا موقع ہو افسر اور جوان انفرادی اور اجتماعی طور پر وطن کی حفاظت کے فرض کو ترجیح دیتے ہیں، ہم آپ کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں، امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کیلئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا، اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کیلئے قوم میں تقسیم اور دراڑ پیدا کرنا چاہتے تھے، شہدا پاکستان اور قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، اُن کی عزت و حرمت ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے، وزیر اعظم نے شہداء کی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔