لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ بلدیات نے عید کے تینوں روز آلائشیں ٹھکانے لگانے کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پنجاب بھر سے 1 لاکھ 81 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئی ہیں۔
سیکرٹری بلدیات کے مطابق عید کے پہلے روز 76 ہزار ٹن، دوسرے روز 70 ہزار ٹن جبکہ تیسرے روز 40 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، کامیاب صفائی آپریشن پر ورکرز شاباش اور مبارکباد کے مستحق ہیں، آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگا کر ماحول کو تعفن سے پاک رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور لوکل گورنمنٹس کی کارکردگی شاندار رہی، اس آپریشن میں محکمہ بلدیات نے 6 ہزار اضافی مشینریز اور 8 ہزار اضافی ورکرز تعینات کیے، عید کے تینوں روز 31 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن کو حل کرنے کی شرح 100 فیصد رہی۔
سیکرٹری بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کیلئے 812 نئی ڈمپنگ سائٹس بنائی گئیں، عید پر صفائی کا میگا پلان تیار کیا تھا جس پر کامیابی سے عملدرآمد کیا گیا، شہریوں کے تعاون سے عید کے تینوں روز آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔