لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سیف سٹیز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، کنٹرول روم سے محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو محرم الحرام کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، آئی جی و چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے بتایا ہے کہ محسن نقوی نے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے عمل کا مشاہدہ بھی کیا، محسن نقوی نے مانیٹرنگ کے لئے تعینات پولیس کمیونیکیشن آفیسرز اور دیگر محکموں کے عملے سے ملاقات کی اور انہیں مزید محنت سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔
ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے 9 ویں اور دسویں محرم کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے انتظامات کے بارے میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام ضروری مقامات کو اضافی پورٹ ایبل کیمروں کے ذریعے کور کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نگران پنجاب حکومت نے بم ڈسپوزل سکواڈ کوجدید ترین گاڑیوں سے لیس کردیا
انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی آپریشن اینڈ مانیٹرنگ سینٹر سے پولیس کمیونیکیشن افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔
دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے 1500 کیمرے آپریشنل ہیں، ساڑھے 6 ہزار کیمروں سے شہر کی نگرانی کی جارہی ہے، حکومت یوم عاشور کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی وزراء عاشورہ محرم کے انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے آج راولپنڈی کا دورہ کیا ہے اور انتظامات کا جائزہ لیا ہے، 9 دن خیریت سے گزر گئے کل کا دن بھی خیریت سے گزر جائے گا۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ نے اتحاد اور اتفاق کا پیغام دیا، ہم سب کو اتحاد اور اتفاق کے ساتھ کام کرنا ہے اور پرامن فضا کو یقینی بنانا ہے، واسا اور دیگر حکام کو بارش کی صورت میں الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔