پشاور: (دنیا نیوز) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان باجوڑ خار پہنچ گئے، مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سے ملاقات کی، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور دعائے مغفرت کی، مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کی جانب سے شہداء کیلئے 5، 5، لاکھ ، زخمیوں کیلئے 3، 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا جبکہ گورنر خیبر پختونخوا نے شہداء کیلئے 20، 20 لاکھ اور زخمیوں کیلئے 7، 7 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
سربراہ جے یو آئی نے شہداء کے اہل خانہ کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ سانحہ باجوڑ نے ہماری مسکراہٹوں کو چھین لیا، ہمارے دلوں کی خوشیوں کو غموں میں ڈبو دیا، اندوہناک واقعہ سے ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے بلکہ ان کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں۔
— Maulana Halim Ur Rahman (@Maulanahalim03) August 3, 2023
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو لوگ اس غلط فہمی میں ہیں کہ ہم جہاد کر رہے ہیں یہ غلط فہمی میں نہ رہیں، یہ مفسدین ہیں، جے یو آئی روز اول سے بدامنی کی آگ کو بجھانے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے، مخالفین اس آگ کو بھڑکا رہے ہیں، یہ یہودیوں اور منافقین کے ترجمان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تحفظ کی راہیں خود تلاش کرنا ہوں گی، آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز بھی زیر غور ہے، مرکزی شوریٰ کے اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کے لئے حکمت عملی بنائیں گے۔