اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی مسترد کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فواد چودھری کی معافی کی تحریری درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کو شوکاز نوٹس کا جواب 15 اگست تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فواد چودھری نے تحریری معافی جمع کرائی، فواد چوہدری نے مشروط معافی مانگی لیکن اس میں کسی افسوس کا اظہار نہیں کیا گیا۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز الزامات لگائے اور توہین آمیز ریمارکس دیے، یہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اس پر مشروط معافی سے تلافی نہیں ہو سکتی۔