لاہور : (دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی منزہ حسن نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی۔
سابق رکن قومی اسمبلی منزہ حسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات اور فوجی اور سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی بھرپور مذمت کرتی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ جو کچھ ہوا غلط تھا جو نہیں ہونا چاہیے تھا، ہمیں تمام اداروں کا احترام کرنا چاہیے۔
منزہ حسن نے کہا کہ ایک محب وطن پاکستانی کی طرح مجھے اپنی فوج پر فخر ہے، کوئی ایسی چیز جس سے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچے افسوسناک ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے ریاست کی بقاء ہمارا فرض ہے، میں خود کو تحریک انصاف سے الگ کرنے کا اعلان کرتی ہوں۔
ذرائع کے مطابق منزہ حسن کا بیرون ملک سے واپسی پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا بھی امکان ہے ۔