اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے دنوں کی مشکلات مختلف صورتوں میں 76 سال سے ہمارا پیچھا کر رہی ہیں۔
ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے لکھا کہ تصور سے لیکر قیام تک پاکستان کی کہانی جہد مسلسل سے بھری ہے، تحریک آزادی کے دنوں کی مشکلات مختلف صورتوں میں 76 سال سے ہمارا پیچھا کر رہی ہیں مگر کتنی بھی بڑی مشکلات ہوں پاکستان نے ہمیشہ ان پر قابو پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر بانی پاکستان قائد اعظم اور تحریک آزادی کے ہزاروں گمنام ہیروز کو خرج عقیدت پیش کرتا ہوں، ملک کی کہانی میں قائد اعظم کی قائدانہ صلاحیت کا بڑا کردار ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 14, 2023
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابھی اپنی اصل منزل کو حاصل کرنا ہے، آج کے دن ہم اپنے اتحاد اور بھائی چارے کی تجدید کریں جب کہ اسی اتحاد اور یکجہتی سے ملک کو آگے لے جایا جاسکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جس قوم کا اتحاد جاگ جائے اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا، ہمیں قائد کے فرمان، کام کام اور بس کام، کو اپنی زندگی کا اصول بنانا ہے، رہبری کےاسی اصول سے ہم پاکستان کی تعمیر نو کر سکتے ہیں۔
یعم آزادی کے موقع پر پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ پاکستان ترقیوں کی نئی منزلیں طے کرے گا، وقت آگیا ہے کہ اب ہم باتوں کو چھوڑ کر عمل کی طرف بڑھیں اور خود کو ان لوگوں میں شامل کرلیں جنہوں نے پاکستان کی کہانی مکمل کی۔