جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، 6 سپاہی شہید، 4 دہشتگرد ہلاک

Published On 22 August,2023 03:32 pm

جنوبی وزیرستان: (دنیا نیوز) جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 سپاہی شہید ہوگئے، فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد مارے گئے جب کہ 2 دہشتگرد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر سپاہی شہید ہوئے، علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔