نگران وزیر اعظم سے متحدہ وفد کی ملاقات، حد بندی، پانی کے مسئلہ پر تبادلہ خیال

Published On 22 August,2023 10:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں ملک کی اقتصادی، معاشی اور معاشرتی صورتحال، بین المذہبی ہم آہنگی اور دیگر موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ایم کیو ایم کے وفد نے نگران وزیر اعظم کی توجہ کراچی میں حد بندی کے مسئلے اور پانی کی قلت کے دیرینہ مسئلے کی جانب مبذول کرائی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کو یقین دلایا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل کو ہر ممکنہ طور پر بروئے کار لایا جائے گا۔

ملاقات میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بھی موجود تھے، ایم کیو ایم کے وفد میں فاروق ستار، سید امین الحق، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر شامل تھے۔