اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بھارت نے اپنے اپنے ناظم الامور تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے دفتر خارجہ کے سینئر افسر سعد احمد وڑائچ کو بھارت میں نیا ناظم الامور مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سعد احمد وڑائچ پاکستانی ہائی کمشنر نئی دہلی عزیز احمد خان کی جگہ لیں گے۔
سعد احمد وڑائچ اس وقت دفتر خارجہ میں بطور ڈائریکٹر جنرل ایران، افغانستان اور ترکیہ ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت نے بھی پاکستان کیلئے اپنے نئے ناظم الامور کے نام کو حتمی شکل دے دی ہے، گیتیکا سری واستاوا بھارت کی پاکستان میں نئی ناظم الامور ہوں گی، گیتیکا سری واستاوا پاکستان میں بھارتی ناظم الامور سریش کمار کی جگہ لیں گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتکاروں کے ویزوں کا تبادلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔