نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے مولانا طاہر اشرفی کی ملاقات

Published On 25 August,2023 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں مولانا طاہر اشرفی نے مرتضیٰ سولنگی کو نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک پیش کی، دونوں شخصیات کے درمیان سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے جڑانوالہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے، ایسے رویے برداشت نہیں کریں گے، متاثرہ گرجا گھروں اور شہریوں کے مکانات کی تعمیر و بحالی کا عمل جاری ہے، نگران حکومت آئین اور قانون کے مطابق تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ پر یقین رکھتی ہے۔

نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی کو انتہا پسندی اور لاقانونیت کی آگ نہیں بھڑکانے دیں گے، اقلیتوں خاص طور پر مسیحیوں نے قیام پاکستان میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے فوری اقدامات بھی قابل تعریف ہیں۔