لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی اور بچہ وارڈ سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کیلئے فراہم کردہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں کی عیادت کی اورہسپتال میں مہیا کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں اورتیمارداروں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی پوچھا ، مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مریضوں کے لواحقین اور تیمارداروں نے پارکنگ پر اوورچارجنگ کے بارے میں شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایم ایس کو اوورچارجنگ کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مریضوں کومفت ادویات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، امیر کی طرح غریب آدمی کو بھی معیاری علاج معالجے کی سہولتیں ملنی چاہئیں، عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کے دورے جاری رہیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب،کمشنر لاہورڈویژن، آر پی او اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔