سیہون شریف: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ 5 سال حکومت کے بعد پہلی مرتبہ حلقے میں پہنچا ہوں، کوشش پوری کی کہ سندھ کے لوگوں کی خدمت کریں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ضلع کے عوام نے ہر وقت محبت دی ہے، ان کے ووٹوں سے اسمبلی میں جاتے ہیں، لوگوں میں حکومتی دور سے زیادہ محبت دیکھی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جتنا جلدی ہو سکے الیکشن ہو جائے، ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ آئین و قانون کے مطابق الیکشن ہوں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا شیڈول دیا ہے، جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنتے رہتے ہیں تاہم ہم پر کوئی فرق نہیں پڑتا، پیپلز پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی باتیں صرف میڈیا میں سنتے ہیں، انشاء اللہ پیپلز پارٹی پوری مضبوطی کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی۔