کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول نے کہا کراچی کے انتظامات ان لوگوں کے ہاتھ میں چلے گئے جن کا شہر سے کوئی تعلق ہی نہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا صوبے کو چلانے کیلئے یہ شہر اپنا 97 فیصد دیتا ہے، اس شہر کے جاگنے سے پاکستان جاگتا ہے، اس شہر کے چلنے سے پاکستان چلتا ہے، شہر کے انتظامات ان لوگوں کے ہاتھ میں چلے گئے جن کا اس سے کوئی تعلق نہیں، یہاں صحت اور تعلیم کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ میڈیکل سنٹر ہونے چاہئیں۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا ہجرت ہمارے سر کا تاج ہے، ہماری ذات پر داغ نہیں، یہاں کے لوگوں نے ملک کی خاطر 2 بار ہجرت کی، پیپلزپارٹی نے 15 سال سے شہر کو گھٹن اور گندگی دی، ان کے بچوں کے پاس سارے انتظامی عہدے ہیں، جس دن ملک ہمارے حوالے ہوا وہ بھی چلا کر دکھائیں گے۔