لندن : (دنیانیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وطن واپسی کی حتمی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی گئی، شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ کے حتمی اعلان کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے صلاح مشورے جاری ہیں، حتمی اعلان سے قبل پارٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان میں موجود لیگی رہنماؤں سے فون پر رابطے ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے واپسی کی تاریخ کے حوالے سے حتمی رائے لیں گے، سابق وزیر اعظم وطن واپسی سے قبل ایک خلیجی ملک میں قیام کریں گے، لندن سے لاہور براہ راست پرواز نہ ہونے کی وجہ سے خلیجی ملک کی ایئرلائن پر سفر کریں گے۔