لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس اور گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی عمران امین اورایل ڈی اے و سی بی ڈی کے انجینئرز نے منصوبوں پر وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ خالد بٹ چوک انڈر پاس کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 15.8 میٹر ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ پر تین لین پر مشتمل 742 میٹر طویل فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا، خالد بٹ چوک پر دو رویہ، دولین پر مشتمل انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا، دونوں منصوبوں کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ تا ڈیفنس موڑ سگنل فری کوریڈور بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی سے امریکی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دونوں منصوبوں کو 3 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، ایل ڈی اے خالد بٹ چوک پر انڈرپاس جبکہ سی بی ڈی گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ پر فلائی اوور تعمیر کرے گا، منصوبے سے منسلک دیگر سٹرکوں کی مرمت کا کام بھی کیا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل سے یومیہ ایک لاکھ 80 ہزار گاڑیوں کو آمد ورفت میں بے پناہ آسانی ملے گی، گلبرگ، کلمہ چوک، سی بی ڈی، کینٹ کیولری گراؤنڈ، ڈی ایچ اے اور والٹن میں رہنے والے شہری منصوبوں سے مستفید ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کام کی سپیڈ ٹیم کی وجہ سے ہے جو کہ سامنے کھڑی ہے، حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر موبائل سروس بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا، عرس، چہلم اور میچز کی سکیورٹی کے لئے جتنی تیاری کرسکتے تھے کی ہے۔
صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے،چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی، سی سی پی او لاہور اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔